پیمرا نے3ڈراموں کےبعد”ٹک ٹاک شو”پربھی پابندی عائدکردی

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نامناسب اور بھارتی موسیقی پر مبنی مواد نشر کیے جانے پر بول ٹی وی کے پروگرام ” ٹک ٹاک شو” پرپابندی عائد کردی ہے۔
پیمرا کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہےکہ پروگرام کے مواد پر ناظرین کی جانب سے پاکستان سٹیزن پورٹل اور پیمرا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر متعدد شکایات موصول ہورہی تھیں۔
پریس ریلیز کے مطابق پیمراکی جانب سے چینل کو اس پروگرام میں انتہائی نامناسب، بیہودہ، فحش اور بھارتی موسیقی پرمبنی ویڈیوز/ مواد نشر کرنے پر اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے متنبہ کیا گیا تھا کہ اس شو میں نشر کیے جانے والے مواد کا جائزہ لیکر اسے پاکستانی اقدار کے مطابق بنائیں بصورتِ دیگ پیمرا آرڈیننس کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
پیمرا کی تنبیہہ کے باوجود بول انٹرٹینمنٹ نےنامناسب مواد نشرکیے جانے کا سلسلہ جاری رکھا جس پرکارروائی کرتے ہوئے اتھارٹی نے پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 27 کے تحت ٹک ٹاک شو نشرکرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
اس سے ایک روز قبل سماجی و مذہبی اقدار کے منافی مواد نشر کرنے پراے آر وائی ڈیجیٹل پرنشرکیے جانے والے ڈرامہ سیریل ” جلن ” کے نشرکیے جانے پربھی پابندی عائد کی ہے جبکہ 4 ستمبر کو حال ہی میں اختتام پزیر ہونے والے ڈراموں ” عشقیہ ” اور ” پیار کے صدقے” کے نشر مکرر جانے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
پیمرا کی پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ سماجی اور مذہبی اقدار کے منافی مواد نشرکرنے پرپیمرا آرڈیننس سیکشن 27 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ڈراموں کے نشر مکررپرپابندی عائد کردی گئی ہے، یہ نہ صرف اے آر وائے ڈیجیٹل اور ہم ٹی وی بلکہ ان کے دیگر چینلزاے آروائے زندگی اورہم ستارے پر بھی نشرنہیں کیے جا سکیں گے۔
پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز، میڈیا ہاؤسز اور پروڈکشن ہاؤسز کو ڈراموں کےمواد کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے باور کرایا تھا کہ اگرکسی ڈرامے کا مواد ملکی اقدار کے منافی اور ناظرین کی توقعات کے برعکس ہوا تو کسی وارننگ کے بغیرپابندی عائد کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں