وزیر اعظم عمران خان کا بل گیٹس کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ، کووڈ۔ 19 کی وبا ، عدم مساوات ، غربت کے خلاف جنگ کے لئے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے کام کو سراہا

وزیر اعظم عمران خان نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،کوویڈ۔ 19 سے متعلق چیلنجوں کے باوجود ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کو تیز کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ کم آمدنی والے ملکوں کو مساوی ، بروقت اور بڑے پیمانے پر کووڈ۔19 ویکسین فراہمی کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے بدھ کو بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔بات چیت کے دوران کووڈ۔ 19 وبا کی تازہ ترین صورتحال ، پولیو کے خاتمے کی مہم ، صحت, ترقیاتی امور اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم نے پوری دنیا میں کووڈ۔ 19 کی وبا اور عدم مساوات کا مقابلہ کر نےاور غربت کے خلاف جنگ کے لئے بل اور میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے کام کو سراہا۔ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق گیٹس کو لکھے گئے اپنے حالیہ خط کا زکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بل گیٹس کو پاکستان کے اہم منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا جن میں 10 بلین ٹری سونامی بھی شامل ہے۔بل گیٹس نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعتراف اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دنیا کو اس عالمی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہونا ہوگا۔

انہوں نے عالمی رہنماوں پر زور دیا کہ غذائی تحفظ کیلئے انہیں زرعی تحقیق میں سرمایہ کاری کو ترجیح دینی چاہئے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو یہ بھی تجویز پیش کی کہ چھوٹے کسانوں کے لئے عالمی تعاون بڑھانے کی غرض سے شعور اجاگرکرنے کے لئے پاکستان کی منفرد آواز کو بروئے کار لانا چاہئے۔کووڈ ۔ 19 ویکسین تک مساوی رسائی کے لئے گیٹس فائونڈیشن کی بھرپور وکالت کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم نے کم آمدنی والے ملکوں میں ویکیسن کی مساوی اور بروقت فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر اعظم عمران خان اور بل گیٹس نے پاکستان میں کووڈ۔19، پولیو اور دیگر بیماریوں کے پھیلائو کو فوری طور پر روکنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کوویڈ 19 سے متعلق چیلنجوں کے باوجود ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کو تیز کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

وزیر اعظم نے پولیو سے پاک پاکستان کے حصول کے لئے ملک بھر میں کوششوں کو مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔گیٹس فائونڈیشن کی پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری ہے۔وزیر اعظم اور بل گیٹس نے مشترکہ مقاصد پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا

اپنا تبصرہ بھیجیں